Wednesday, March 29, 2017

متھ کیسے بنتے ہیں۔۔۔



چند سال پہلے ایک فیملی میرے پاس آئی ۔ ان کے پاس ہومیو پیتھی گولیوں کی ایک شیشی تھی ۔ جاتے ہوئے وہ گولیوں کی شیشی میز پر بھول گئے
چند دن بعد ایک خاتون ایک ماہ کے بچے کے ساتھ اس شکایئت کے ساتھ آئی کہ اس کا دودھ بہت کم ہے اس کیلئے کوئی دوائی دیں
میں نے کافی سمجھانے کی کوشش کی کہ ماں کا دودھ کم نہیں ہوتا لیکن خاتون بضد رہیں کہ کوئی دوائی دیں یا پھر دودھ کا ڈبہ بتائیں جو میں اپنے دودھ کے ساتھ پلا سکوں
اچانک میری نظر انہی ہومیو پیتھی گولیوں پر پڑی ۔ اسے اٹھا کر اس خاتون کے حوالے کیا کہ جب دودھ پلانے لگیں تو ایک گولی زبان کے نیچے رکھ لیں اور ایک ہفتے بعد مجھے بتائیں ۔۔ اگر پھر بھی دودھ پورا نہ ہوا تو ڈبے کا دودھ شروع کر دیں گے
اور ایک ہفتے بعد خاتون اپنے ساتھ اپنی ایک رشتہ دار کو بھی ساتھ لائیں کہ اس کو بھی ایک شیشی گولیوں کی دے دیں ہمیں کسی میڈیکل سٹور سے نہیں ملی

Thursday, March 9, 2017

محب وطن پاکستانیوں کے نام


السلام علیکم

میرا نام میجر ثاقب ہے اور آئی ایس آئی کے ٹیررازم  ڈیپارٹمنٹ سے بیلونگ کرتا ہوں
یس مائی فرینڈز، وہی وٹس اپ کے وائس میسج والا۔ جس کے میسج کو محب وطن پاکستانیوں نے لاکھوں لوگوں تک پہنچایا۔ بلکہ ایک ایک بندے کو بیسیوں بار پہنچاکر یاد دھانی کروائی اور میں شکرگزار ہوں پوری قوم کا کہ اس میسج کی وجہ سے اب کوئی بھی  اپنا تعارف ثاقب نام سے کرواتا ہے تو لوگ کھڑے ہوکر ملتے ہیں اور ایک رپورٹ کے مطابق نیو بارن بچوں میں ثاقب نام ٹاپ پر آچکا ہے۔
ویل مائی فرینڈز جیسا کہ آپ جانتے ہیں انٹیلی جنس ایجنسیوں کو ایک ہی میڈیم کو بار باراستعمال کرنے کی اجازت نہیں ۔اس لیئے اس بار فیس بک سے مخاطب ہوں 
اس وقت میں ایک اہم مشن پر ہوں اس لیئے زیادہ بات نہیں کر سکتا لیکن کل خفیہ اداروں کی اطلاع پر کی گئی ایک اہم کاروائی کی کچھ تفصیلات آپ لوگوں کے ساتھ شیئر کرنا چاہتا ہوں۔ جس میں کسوال سے بیلونگ کرنے والی ایک فیملی جو مغل پورہ میں ایک کرائے کے گھر میں پچھلے بیس سال سے سٹے کر رہی تھی۔ ریڈ کے دوران معلوم ہوا کہ پچھلے بیس سال سے علاقے میں مقیم اس شخص کے بارے میں پورے محلے میں سے کوئی نہیں جانتا تھا کہ وہ اتنے شاندا دہی بھلے بناتا ہے ۔مزید تفتیش پر معلوم ہوا کہ وہ علاقے کی مشہور نیلی مسجد کے گیٹ کے باہر اپنی ریڑھی لگاتا ہے ۔آپ لوگوں سے التماس ہے کہ اس میسج کو جتنا ہو سکے شیئر کریں تاکہ ہمارے ہنرمندوں کو دنیا کے نظروں سے دور رکھنے کے دشمن کے عزائم
کو شکست دی جاسکے۔
پاکستان زندہ باد