Tuesday, June 21, 2022


کوکنگ فار شدگان ود میم سین
ہر جمعہ دوپہر گیارہ بجے
صرف میم سین کی وال پر

شوہروں کو خانہ داری سکھانے اور ان کے سگڑاپے کیلئے میم سین کے فری لانس ادارے کی جانب سے وقتا فوقتا ٹپس دیئے جاتے رہے ہیں۔ کچن اور گھر کے دیگر معاملات کو کیسے بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ اس پر بہت سی تحریریں آچکی ہیں۔۔
چودہ فروری کے بعد سامنے آنے والے کچھ مسائل کی وجہ سے چند شوہر حضرات نے رابطہ کرکے مدد چاہی تھی کہ کچھ غلطیاں سر زد ہوجانے کے سبب تعلقات سرد مہری کا شکار ہو چکے ہیں۔ (سردمہری جیسا شائستہ لفظ میری اختراع ہے) کچھ ایسی ٹپس بتائیں کہ برف پگھل سکے۔۔

ایک صاحب کا کہنا تھا کہ چودہ فروری کو غلطی سے اپنی ہی بیوی کو ایک میسج میں محبت کا اظہار کر بیٹھاہوں اور بیوی کے سوال کا اسکے پاس کوئی جواب نہیں کہ اٹھارہ سال بعد اس محبت کے جاگنے کی وجہ کیا ہوسکتی ہے۔۔ وہ بھی چودہ فروری والے دن۔۔

ایسے ہی ایک صاحب نے شمیم نامی اپنی کولیگ کو عہد و وفا پر مبنی میسج بھیجا جو ان کی بیگم نے پڑھ لیا۔اگرچہ صاحب بیگم کو یقین دلوانے میں کامیاب ہوگئے تھے کہ شمیم ان کے مرد دوست ہیں لیکن اس سوال کا ان کے پاس کوئی جواب نہیں تھا کہ شمیم صاحب کو ایسے ذومعنی میسج کرنے کی لاجک کیا تھی؟

بحرحال ناسمجھی میں ایسے تمام مرد جو چودہ فروری پر جذباتی ہوگئے تھے اور اب تعلقات کی بحالی کیلئے حیلے ڈھونڈ رہے ہیں تو ان کیلئے لایا ہے میم سین ایک ایسی ڈش کی ریسیپی جو بنا کر آپ اپنی بیویوں کا موڈ اتنا اچھا بنا سکتے ہیں کہ وہ چودہ فروری کی ہر واردات کو بھول جائیں گی۔۔

تو پیش خدمت ہے آج ہریسے کی ریسپی۔۔

چونکہ رسپیی مردانہ سٹائل میں ہے تو اس ریسپی کو صرف وہی مرد حضرات فالو کریں جو کوکنگ کی سوجھ بوجھ رکھتے ہیں۔۔
رات کو ایک بڑا کپ گندم لیکر اسے بھگو دیں۔ اگلے دن دو کلو ہڈی والا بیف یا مٹن لیں اور اس میں پانی ڈال کر ابالیں۔۔ جب پانی کو ابال آجائے تو نمک کالی مرچ دار چینی اور بڑی الایچی اور لہسن ڈال کر ککر چلا کر گوشت کو اچھی طرح گلا لیں۔۔۔
اب یخنی کو الگ کرکے گوشت کو ہڈی سے الگ کرکے چھوٹا ریشہ بنا لیں۔۔ رات کو پانی میں بھگوئی ہوئی گندم کو یخنی میں ڈال کر ابلنے کیلئے رکھ دیں۔پریشر ککر کی مدد لے سکتے ہیں۔ اس دوران اگر پانی کم ہوجائے تو گرم پانی ایڈ کریں۔ ٹھنڈا نہیں۔۔ جب مناسب نرم ہوجائے تو بیٹر کی مدد سے اس کو اچھی طرح پھینٹ کر یخنی اور گندم کو مکس کرلیں۔۔

اب ایک پیاز، تھوڑا سا ادرک اور ٹماٹر باریک پیس کر اس کو دیسی گھی میں فرائی کرلیں۔ ہلکا برائون ہوجائے تو یخنی میں پکی گندم اور گوشت کا ریشہ اس میں ڈال کر اچھی طرح بھون لیں۔ جب پک جائے تو کسی ڈونگے میں ڈال کرتھوڑا سا زیتون کا تیل اسکے اوپر ڈال کر بیگم کو کھانے کی میز پر بلا کر ہوٹل سے منگوائی ہوئی تازہ روٹی یا نان کے ساتھ پیش کردیں۔۔۔۔

ٹیسٹ ایسا ہوگا کہ آپکی بیوی شمیم کی آواز سن کر بھی آپکے اوپر شک نہیں کرے گی۔ اور نہ ہی مسکراتے ہوئے گھر داخل ہونے پر مشکوک نگاہوں سے دیکھے گی۔۔

میم سین کے ساتھ رہیئے ۔۔اور اپنے مسائل کے حل کیلئے ہمارے ٹول فری نمبر پر انباکس میسج کرتے رہیں۔۔

No comments:

Post a Comment